وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کو بے مثال پذیرائی حاصل ہورہی ہے، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو
سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ کپاس کی پیداوار کے ہدف کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل اور ذرائع بروئے کار لائے جارہے ہیں۔کپاس کی فصل کیلئے اگلا ایک مہینہ بہت اہم ہے۔ کپاس کی فصل کی پیداوار میں اضافہ کیلئے فنی رہنمائی کے سلسلہ میں جاری سرگرمیاں مزید تیز کی جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان میں کپاس کی فصل بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اسپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی، وائس چانسلر پروفیسر داکٹر اشتیاق احمد رجوانہ،فوکل پرسن برائے کاٹن ڈاکٹر محمد انجم علی،ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع چوہدری عبدالحمید،ڈائریکٹر جنرل زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں،ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ ڈاکٹر عامر رسول،ڈائریکٹر جنرل کراپ رپورٹنگ سروس عبدالقیوم،ڈاکٹر محمد اقبال بندیشہ،کاشتکار وں خالد محمود کھوکھر،سید حسن رضا سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ کپاس کے نگہداشتی امور بارے بروقت ایڈوائزری جاری کی جائے۔کپاس کی صاف چنائی،ذخیرہ اور ترسیل بارے بھی آگاہی دی جائے۔ جننگ فیکٹریوں میں کپاس کی پھٹی کی آمد کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور ڈویژن کو کپاس کی ویلی میں تبدیل کرنے کیلئے قابل عمل تجاویز پیش کی جائیں۔ کپاس کے اچھے بیج کی تیاری کیلئے پبلک و پرائیویٹ سیکٹر کو ٹاسک سونپ دیا ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ کسان کارٖڈ کی کاشتکاروں کو فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کے حصول کیلئے اب تک ساڑھے 8لاکھ کاشتکاررجسٹریشن کراچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کو بے مثال پذیرائی حاصل ہورہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹرز کی فراہمی کیلئے جلد درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔اس سکیم کے تحت 10لاکھ روپے فی ٹریکٹر سبسڈی دی جائے گی۔فصلوں کی باقیات کی تلفی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب سموگ کنٹرول پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے۔ آئندہ گندم کی کاشت کے ہدف کے حصول کیلئے ابھی سے تیاری کی جائے۔ 16ستمبر سے نوجوان زرعی گریجوایٹس انٹرن شپ پروگرام کے تحت فیلڈمیں عملی سرگرمیوں کیلئے دستیاب ہونگے۔بعد ازاں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخارعلی سہو نے ملتان میں کسان کارڈ فراہمی سنٹر کا دورہ بھی کیا۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے کسان کارڈ فراہمی سنٹر پر انتظامات کا جائزہ لیا۔